LIVE

خیبر پختو نخوا میں ڈینگی سے رواں سال پہلی موت کی تصدیق

ویب ڈیسک
October 01, 2021
 

پشاور: خیبر پختو نخوا میں ڈینگی وائرس سے رواں سال  پہلی موت کی تصدیق ہوگئی۔

محکمہ صحت کے مطابق خیبر پختو نخوا میں ڈینگی وائرس سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں، ہلاکت ایبٹ آباد میں رپورٹ ہوئی ہے جبکہ خاتون کا تعلق مانسہرہ سے ہے۔ 

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں 178 ڈینگی کے کیسز سامنے آئے ، پشاور اور نوشہرہ میں 41 ،41، بونیر میں 12،مردان 37 ،خیبر اور صوابی میں 8،8   ڈینگی کیسزر پورٹ ہوئے ۔

محکمہ صحت کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبے کے 28اضلاع ڈینگی وائرس سے متاثر ہیں جبکہ  پشاور کے 12علاقوں کو  ڈینگی کےلیے ہاٹ اسپاٹ قرار دیا گیا ہے۔

پنجاب میں بھی ڈینگی کے وار جاری

پنجاب میں بھی ڈینگی کے وار تیز ہوگئے ہیں، چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 223 کیسز رپورٹ ہوگئے، صرف لاہور میں 167 کیس سامنے آئے۔

اسلام آباد میں ایک دن میں مزید 94 شہری ڈینگی سے بیمار  ہوگئے۔  کراچی میں زيرِ علاج ڈينگی کا ایک مریض انتقال کرگیا ہے۔

 ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ، کوشش کریں آپ کے گھر اور محلے میں پانی جمع نہ ہو  کیونکہ ڈینگی مچھر صاف پانی میں پرورش پاتا ہے، احتیاط کریں۔