LIVE

کراچی میں رات اور صبح کے اوقات شدید دھند کب تک رہے گی؟

ویب ڈیسک
November 25, 2021
 

کراچی میں ان دنوں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند کا ڈیرہ ہے جس کی وجہ سے گزشتہ شب ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق بھی ہوئے۔

کراچی میں دھند آگئی، دھند سے حادثات ہوگئے، پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔

کراچی کے علاقے ناردرن بائی پاس پر نجی یونیورسٹی کے قریب مسافر بس اور ٹرک کی ٹکر سے دو افراد جاں بحق اور بارہ زخمی ہوئے۔

اس کے علاوہ  کراچی ائیرپورٹ سے اندرون و بیرون ملک جانے والی پانچ پروازیں تاخیر کا شکار  ہوئیں۔

نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، اورنگی ٹاؤن، ملیر ، ائیر پورٹ اور سپر ہائی وے لنک روڈ پر حد نگاہ 100 میٹر تک رہ گئی تھی۔

نارتھ ناظم آباد کے ایک علاقے میں چھائی ہوئی دھند کا منظر — فوٹو: بشکریہ دانش نذیر حسین

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ آئندہ دو سے تین روز مزید کراچی میں صبح سویرے دھند رہنے کا امکان ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دھند کے دوران ڈرائیور حضرات خاص طور پر احتیاط کا مظاہرہ کریں اور فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔