LIVE

پاکستان کو مدینہ کی طرح فلاحی ریاست بنانا زندگی کا مقصد ہے: وزیراعظم

ویب ڈیسک
November 28, 2021
 

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بنانا میری زندگی کا مقصد ہے۔

معروف امریکی اسکالر شیخ حمزہ یوسف کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مذہب کے معاملے پر کسی کے ساتھ زبردستی نہیں کی جا سکتی اور اسلام بھی ہمیں یہی سکھاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے سیاست شروع کی تو لوگ سیاست میں آنے سے ڈرتے تھے، سیاست میں آیا تو طاقتور لوگوں نے میری کردار کشی کی لیکن آپ اپنی ناکامیوں سے سیکھتے ہیں، میں نے 22 سال تک جدوجہد کی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ انا کسی بھی شخص کو برباد کر دیتی ہے، کامیابی اور عزت صرف اللہ کی ذات دیتی ہے، مال و دولت نہیں انسان کے اندر غیرت کا ہونا بہت ضروری ہے، میرے نزدیک امیر وہ ہے جو اپنے ضمیر کا سودا نہیں کرتا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ قانون کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا اور  پاکستان کو مدینہ کی طرز پر ایک فلاحی ریاست بنانا میری زندگی کا مقصد ہے۔