LIVE

شین وارن کی موت کیسے ہوئی؟ تھائی پولیس کا تحقیقات کا اعلان

ویب ڈیسک
March 05, 2022
 

گزشتہ روز شین وارن تھائی لینڈ کے علاقے کو ساموی میں اپنے ولا میں مردہ حالت میں پائےگئے تھے— فوٹو:فائل

دنیا کے مایہ ناز لیگ اسپنر شین وارن کی موت کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تھائی لینڈ پولیس نے تحقیقات کا اعلان کردیا۔

گزشتہ روز شین وارن تھائی لینڈ کے علاقے کو ساموی میں اپنے ولا میں مردہ حالت میں پائےگئے تھے اور ان کے ترجمان کا کہناتھا کہ شین وارن کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا، میڈیکل ٹیم نے انہیں بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

تاہم اب ان کی موت کی وجوہات جاننے کیلئے رائل تھائی پولیس نے تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔

تھائی لینڈ کی رائل پولیس نے غیرملکی میڈیا کو بتایا کہ شین وارن کی موت کو مشکوک نہیں سمجھ رہے لیکن اس کی مکمل تحقیقات کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ شین وارن کے دوستوں کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا اور ساتھ ہی ولا کا فارنزک بھی کیا جائے گا۔

دوسری جا نب آسٹریلیا کی حکومت نے شین وارن کی میت کو وطن واپس لانے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔

تھائی لینڈ میں آسٹریلوی سفیر نے بینکاک میں حکام سے ملاقات کی اور  میت کی آسٹریلیا روانگی کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

اس کے علاوہ تھائی لینڈ میں آسٹریلوی قونصلر نے بھی شین وارن کے دوستوں سے ملاقات کی۔