LIVE

کراچی میں لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک سے دو ٹوک بات کرینگے: وفاقی وزیر توانائی

ویب ڈیسک
May 16, 2022
 

سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے صوبے میں بجلی بحران سے آگاہ کیا/ فائل فوٹو

کراچی:  وفاقی  وزیر توانائی خرم  دستگیر نے شہرِ  قائد میں جاری لوڈشیڈنگ پر کہا ہےکہ وہ جلد کراچی آکر کے الیکٹرک انتظامیہ سے دو ٹوک بات کریں گے۔

سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور صوبے میں لوڈشیڈنگ سمیت توانائی بحران پر بھی آگاہ  کیا۔

اس موقع پر خرم دستگیر  نے کہا کہ  2018 میں زیرو لوڈشیڈنگ چھوڑ کر گئے تھے، توانائی بحران پر جلد قابو پا لیں گے اور جلد کراچی آکر کے الیکٹرک انتظامیہ سے دوٹوک بات کی جائے گی۔

وفاقی وزیر سے گفتگو  میں امتیاز شیخ کاکہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو وفاق سے اضافی بجلی ملنے کے باوجود لوڈ شیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے، اعلانی اور غیر اعلانی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔

انہوں  نے کہا کہ عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ملک تاریخی توانائی بحران کا شکار ہے، پی ٹی آئی کے دور میں جب فرنس آئل کی ضرورت ہوتی تو آر ایل این جی منگوائی جاتی تھی اور جب آر ایل این جی کی ضرورت ہوتی تھی تو فرنس آئل منگوایا جاتا تھا جب کہ عمران خان نےدور اقتدار میں بجلی کی قیمت 11 روپے فی یونٹ سے بڑھا کر 25 روپے کردی۔