LIVE

ایپل کا نیا آئی او ایس 16 آپریٹنگ سسٹم کن آئی فون ماڈلز کے لیے دستیاب ہوگا؟

ویب ڈیسک
June 14, 2022
 

یہ نیا آپریٹنگ سسٹم ستمبر میں باضابطہ طور پر متعارف کرایا جائے گا / فوٹو بشکریہ ایپل

ایپل کے آئی فونز کے لیے نئے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 16 کو ستمبر میں باضابطہ طور پر صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔

اس آپریٹنگ سسٹم میں متعدد نئے فیچرز کو پیش کیا جارہا ہے جن کے بارے میں کمپنی نے اپنی سالانہ کانفرنس ڈبلیو ڈبلیو ڈی سی 2022 کے دوران بتایا۔

ان فیچرز میں میسجز ایپ میں بھیجے گئے میسجز کو ایڈٹ کرنا، نئے پرسنلائز ٹولز اور دوستوں سے فوٹو لائبریری شیئر کرنے کا نیا طریقہ قابل ذکر ہے۔

مگر آئی او ایس 16 کو تمام آئی فونز پر اپ ڈیٹ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

ایپل کا نیا آپریٹنگ سسٹم صرف آئی فون 8 یا اس کے بعد کے ماڈلز کے لیے دستیاب ہوگا اور 2016 یا اس سے پہلے کے فونز میں اسے اپ ڈیٹ نہیں کیا جاسکے گا۔

یعنی اگر آپ آئی فون 6 ایس، آئی فون ایس ای اور آئی فون 7 استعمال کررہے ہیں تو اب آپ کے لیے ایپل کی سافٹ ویئر اپ ڈیٹس دستیاب نہیں ہوں گی۔

یہ غیرمتوقع فیصلہ نہیں کیونکہ ایپل کی جانب سے پرانی ڈیوائسز کے لیے سافٹ ویئر سپورٹ کو ہر سال ختم کیا جاتا ہے۔

مگر یہ واضح رہے کہ نئے آئی او ایس سسٹم تک رسائی ختم ہونے کے بعد بھی آپ کا پرانا آئی فون کام کرتا رہے گا، بس وہ نئے فیچرز سے محروم رہے گا۔

نئی آئی او ایس اپ ڈیٹس تک رسائی ختم ہونے سے ہیکنگ اور میل ویئر کا خطرہ بڑھتا ہے کیونکہ سافٹ ویئر اپ ڈیٹس میں بگز کی روک تھام بھی کی جاتی ہے۔