LIVE

ہیلی کاپٹر میں سوار کور کمانڈر کوئٹہ سمیت تمام افراد شہید ہو گئے: آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک
August 02, 2022
 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں گزشتہ روز لاپتہ ہونے والے ہیلی کا ملبہ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کورکمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہو گئے، شہداء میں ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد بھی شامل  ہیں۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسٰی گوٹھ سے مل گیا ہے، ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا، ہیلی کاپٹر سیلاب زدگان کے ریلیف آپریشنز میں مصروف تھا۔

 آئی ایس پی آر  کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں کور کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ڈی جی کوسٹ گارڈ کے علاوہ 4 دیگر جوان اور افسران بھی شہید ہوئے، حادثے سے متعلق مزید تفصیلات تحقیقات کے بعد شیئر کی جائیں گی۔