LIVE

عالمی بینک پاکستان کو ایک ارب 70 کروڑ ڈالر امداد دینے کا ارادہ رکھتا ہے: مارٹن رائسر

ویب ڈیسک
September 23, 2022
 

عالمی بینک کے نائب صدر کی وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر سے ملاقات میں وفاقی وزیر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی غیر معمولی تباہی کے بارے میں آگاہ کیا— فوٹو: پی آئی ڈی

عالمی بینک کے علاقائی نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن رائسر نے کہا ہے کہ عالمی بینک پاکستان کو  ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

عالمی بینک کے نائب صدر نے اسلام آباد میں  وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر  سے ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزیر نے عالمی بینک کے نائب صدر کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی غیر معمولی تباہی کے بارے میں آگاہ کیا۔

مارٹن رائسر نے تباہ کن سیلاب پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد زمینی حقائق کو جاننا ہے، عالمی بینک موجودہ اور نئے منصوبوں کے ذریعے سیلاب سے متعلق ایک ارب 70 کروڑ ڈالر تک امداد فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی امداد سماجی تحفظ کے پروگراموں کو مضبوط بنانے سمیت بحالی میں مدد، نئے ہنگامی آپریشن اور طویل مدتی اہلیت کی کوششوں کی شکل میں ہو سکتی ہے۔

عالمی بینک کے نائب صدر نے کہا کہ پاکستان میں عالمی بینک کا سب سے بڑا انرجی پورٹ فولیو ہے، پاکستان کی قابل تجدید ذرائع کی طرف پالیسی کی تبدیلی درست سمت میں ایک قدم ہے۔

ملاقات کے موقع پر وزیر توانائی نے عالمی بینک کو یقین دلایا کہ موجودہ حکومت توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور مسائل کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ وصولیاں بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔