LIVE

شعیب قومی ٹیم کے مڈل آرڈر سے پریشان، آفریدی کا بھی امریکا سے پیغام

ویب ڈیسک
September 29, 2022
 

فوٹو فائل

قومی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف پانچویں ٹی ٹوئنٹی میں اعصاب شکن مقابلےکے بعد پاکستان کے سابق اسٹار کرکٹرز نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

راولپنڈی ایکسپریس نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں پاکستان کے مڈل آرڈر سے متعلق تشویش کا اظہار کیا اور کہا 'پاکستان ٹیم کے مڈل آرڈر کو دیکھنے کی ضرورت ہے جس کی کارکردگی مسلسل پریشان کن ہے'۔

اس کے علاوہ شعیب اختر نے ٹیم کی بولنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ' ٹیم نے اچھے طریقے سے ہدف کا دفاع کیا، ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے آخری اوور اچھا کرایا۔ پاکستان ٹیم اچھی جارہی ہے'۔

دوسری جانب امریکا میں موجود سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ' پاکستان ٹیم کو مسلسل دو سنسنی خیز میچز جیتنے پر دلی مبارکباد، میں امریکا میں سفر کے دوران بھی میچز دیکھ رہا ہوں'۔

ساتھ ہی شاہد آفریدی نے پاکستان ٹیم سے جیت کا تسلسل جاری رکھنے کا بھی کہا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے انگلینڈ کو پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں 6 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-3 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

پاکستان کی جانب سے انگلینڈ کو 146 رنز کا ہدف دیا گیا جس کے بعد انگلینڈ نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے اور یوں پاکستان نے اس میچ میں فتح حاصل کی۔