28 ستمبر ، 2022
7 میچز پر مشتمل سیریز کے پانچویں ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے انگلینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-3 کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان کے 146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش بیٹرز 7 وکٹوں پر 139 رنز بناسکے،کپتان معین علی 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
انگلش ٹیم میں 4 جبکہ پاکستان ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئیں،گرین شرٹس کی جانب سے آل راؤنڈر عامر جمال نے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا، اس کے علاوہ نائب کپتان شاداب خان اور حیدر علی کی فائنل الیون میں واپسی ہوئی۔
عثمان قادر،خوشدل شاہ اور فاسٹ بولر محمد حسنین کو آج آرام دیا گیا۔
پاکستان کی اننگز
انگلینڈ کے خلاف پانچویں ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کا آغاز اتنا اچھا نہ رہا، کپتان بابر اعظم 12 گیندوں پر 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، قومی ٹیم کو دوسرا نقصان 42 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا، شان مسعود 7 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
پاکستان کا مڈل آرڈر ایک بار پھر ناکام ہوا، حیدر علی 4، افتخار احمد 15، آصف علی 5 اور محمد نواز صفر پر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ شاداب خان 7 اور عامر 10 رنز بناسکے، مسلسل وکٹیں گرنے کے باوجود رضوان نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی لیکن وہ بھی 63 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ حارث رؤف 8 رنز بناسکے۔یوں پوری ٹیم 19 اوورز میں ڈھیر ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے 3 اور سام کُرن اور ڈیوڈ ولی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کی اننگز
پاکستان کے 146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کا آغاز بالکل اچھا نہ رہا،31 کے مجموعی اسکور پر 3 بیٹرز پویلین لوٹ گئے، ایلکس ہیلز ایک، فل سالٹ 3 اور بین ڈکٹ 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
انگلش ٹیم کو چوتھا نقصان ہیری بروک کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 4 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے، تاہم ڈیوڈ ملان اور معین علی نے انگلینڈ کو جیت کی امید دلوائی لیکن پھر ملان 36 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے علاوہ سام کُرن 17 اور کرس ووکس نے 10 رنز بنائے، مسلسل وکٹیں گرنے کے باوجود کپتان معین علین کریز پر موجود رہے اور ففٹی مکمل کی،انگلش ٹیم کو آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے، پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے رنز کا کامیاب دفاع کیا اور گرین شرٹس کو 6 رنز سے کامیابی دلوائی۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 2، وسیم جونیئر، شاداب، نواز ، افتخار اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چھٹا ٹی ٹوئنٹی 30 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔