LIVE

'فیروز کو جیل میں ہونا چاہیے'، شوبز شخصیات علیزا کی حمایت میں سامنے آگئیں

ویب ڈیسک
October 27, 2022
 

 فیروز خان کی جانب سے اپنی سابقہ اہلیہ پر کیے گئے تشدد پر شوبز شخصیات نے اپنے خیلات کا اظہار کرتے ہوئے علیزا سلطان کے ساتھ ہمدردی کی۔فوٹو سوشل میڈیا

اداکار فیروز خان کی جانب سے سابقہ اہلیہ پر مبینہ  تشدد کیے جانے کے بعد شوبز شخصیات بھی علیزا سلطان کے حق میں سامنے آگئیں۔

اداکار اور ہدایتکار یاسر حسین نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی اور  لکھا کہ 'میں اپنی بیوی اور بچے سے بہت پیار کرتا ہوں، اگر میں اپنی بیوی پر ہاتھ اٹھاؤں تو 90 فیصد امکان ہے کہ میرا بیٹا بھی ایسا ہی کرے گا، میاں بیوی میں لڑائی جھگڑا ہونا عام ہے لیکن ایک دوسرے کو مار پیٹ کرنا عام نہیں ہے'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'میں گھریلو تشدد کے سخت خلاف ہوں چاہے وہ کوئی سُپراسٹار کرے یا عام آدمی'۔

اس کے ساتھ یاسر نے علیزا اور اس کی فیملی کی حمایت کرتے ہوئے دعا بھی کی اور لکھا کہ 'اللہ انہیں جلد مشکل سے نکالے اور ان کی زندگی میں سکون لائے'۔

اداکارہ مریم نفیس نے بھی سوشل میڈیا پر علیزا سلطان کی میڈیکل رپورٹ کی تصویر شیئر کی اور سخت ردعمل دیا، انہوں نے لکھا کہ 'ہم آپنی آواز  مظلوم کے مرجانے پر ہی کیوں اُٹھاتے ہیں؟'

مریم نے سوال کیا کہ 'ہم الزام تب ہی کیوں لگاتے ہیں جب ظالم فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتا ہے؟'

ان دنوں فیروز کے ساتھ ڈرامے میں مرکزی کردار نبھانے والی  اُشنا شاہ نے بھی فیروز کے خلاف آواز اٹھائی، انہوں نے لکھا 'میں اب بھی علیزا پر فیروز کی جانب سے کیے جانے والے تشدد کی بات کو ہضم کرنے کی کوشش کررہی ہوں، میں اس وقت صدمے کی کیفیت میں ہوں'۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت میرا دل  علیزا اور ان کے بچوں کے ساتھ ہے۔

اس کے علاوہ اداکارہ نیمل خاور خان سمیت منال اور ان کے شوہر احسن محسن نے بھی فیروز پر تنقید کی۔

فوٹو: اسکرین شاٹ

کوک اسٹوڈیو کے گانے پسوڑی  سے شہرت پانے والی گلوکارہ شے گل نے بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر علیزا کی حمایت کی، انہوں نے کہا کہ فیروز کو جیل میں ہونا چاہیے۔

 ساتھ ہی شے گل نے علیزا سلطان اور اس کی فیملی کیلئے دعا بھی کی۔

فوتو: اسکرین شاٹ

واضح رہے کہ فیروز اور علیزا کا بچوں کی حوالگی سے متعلق کیس کراچی کی مقامی عدالت میں زیر سماعت ہے جب کہ علیزا نے فیروز کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے عدالت میں شواہد پیش کیے ہیں۔