LIVE

ایک شخص کی 9 بچوں کے ساتھ سائیکل چلانے کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک
November 20, 2022
 

سائیکل پر دولوگوں کو بیٹھے تو دیکھا ہے لیکن کیا آپ نے ایک سائیکل پر 9 بچوں کو سوار دیکھا ہے؟ نہیں تو یقیناً یہ ویڈیو آپ کو ضرور حیرت میں مبتلا کر دے گی۔

سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو گردش کر رہی ہے جو بہت دلچسپ بھی ہے اور حیران کرنے والی بھی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص سائیکل چلا رہا ہے اور اس کے ساتھ 9 بچے بھی سائیکل پر سوار ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تین بچے سائیکل کے پیچھے بیٹھے ہیں، دو بچے سائیکل پر آگے بیٹھے ہیں اور ایک بچی کو سائیکل پر کھڑا بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

اس ویڈیو کو مزید دلچسپ تین اور بچوں نے بنایا ہے جو سائیکل چلانے والے کے کندھے پر سوار ہیں اور ایک بچہ سائیکل کے اگلے ٹائر پر بیٹھا ہوا ہے۔

ویڈیو میں سائیکل کے ہینڈل پر اسکول بیگز کو بھی لٹکے دیکھا جاسکتا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ سائیکل چلانے والا بچوں کو شاید اسکول لے کر جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ویڈیو پر مزاحیہ تبصروں کے تبادلے کا سلسلہ بھی جاری ہے، یہ ویڈیو کس ملک کی ہے اس بات کا پتا نہیں چل سکا۔