LIVE

سیلاب زدہ علاقوں میں ملیریا کے بڑھتے کیسز، یونیسیف پاکستان کو 20 لاکھ مچھر دانیاں دیگا

ویب ڈیسک
December 08, 2022
 

 یونیسیف نے چینی سپلائرکو 10 لاکھ مچھر دانیوں کا آرڈر دے دیا ہے اور اسی ماہ 10 لاکھ مچھردانیاں موصول ہوجائیں گی، حکام/ فائل فوتو

سندھ اور بلوچستان میں ملیریا میں مبتلا افراد کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہےجس کے باعث یونیسیف کی مدد لی گئی ہے۔

وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق وزارت صحت  نے ملیریا سے نمٹنے کیلئے یونیسیف کو درخواست دی تھی جس پر  یونیسیف نے 20 لاکھ مچھر دانیاں دینےکی حامی بھرلی ہے۔

حکام کے مطابق یونیسیف نے چینی سپلائر کو  10 لاکھ مچھر دانیوں کا آرڈر دے دیا ہے، اسی ماہ چین سے 10 لاکھ مچھر دانیاں موصول ہو جائیں گی جبکہ چین سے مزید 10 لاکھ مچھر دانیاں اگلے سال کے آغاز میں ملیں گی ۔

حکام کے مطابق  یونیسیف سے ملنے والی مچھر دانیاں سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین میں تقسیم کی جائیں گی۔

حکام کا مزید بتانا ہے کہ نومبر کے اعداد و شمار کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں ملیریا کیسز کم نہیں ہو رہے ہیں۔