LIVE

کراچی: دوران میچ گراؤنڈ میں داخل ہونیوالے کرکٹرز کے دونوں مداحوں کیخلاف مقدمہ درج

ویب ڈیسک
January 12, 2023
 

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان گزشتہ روز ہونیوالے دوسرے ون ڈے میچ  میں سکیورٹی حصار توڑ کر گراؤنڈ میں داخل ہونے والے دونوں نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دوران میچ گراؤنڈ میں داخل ہونے والے دونوں تماشائیوں محمد جاوید ولد گل رحمان اور محمد عباس ولد سجاول کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان عزیز بھٹی پولیس کی تحویل میں ہیں جن پر  تعزیرات پاکستان کی تین دفعات لگائی گئی ہیں۔

دوسری جانب بابراعظم سے ملنے کیلئے گراؤنڈ میں داخل ہونے والے لڑکے کو گرفتار کرنے کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں اس نے بابر سے پولیس تحویل سے چھڑوانے کی اپیل کی۔

ویڈیو میں بابر اعظم کے فین نے اعتراف کیا وہ گراؤنڈ میں کپتان سے ملنے گیا تھا، ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ بابر بھائی مجھے چھڑوالیں میرے والد بھی نہیں ہیں۔