LIVE

پیپلز پارٹی نے میئر سے متعلق بات شروع کی تو جماعت اسلامی نے کیاکہا؟ تفصیل سامنے آگئی

طارق ابوالحسن
January 19, 2023
 

پیپلز پارٹی کے وفد نے مئیر کراچی کے عہدے کیلئے جماعت اسلامی سے بات کی لیکن جماعت اسلامی نے مؤقف اپنایا کہ میئر سے پہلے نتائج تبدیل کیے جانے کے معاملے پر بات کی جائے— فوٹو: سوشل میڈیا

کراچی:  بلدیاتی انتخابات کے بعد میئر کراچی کیلئے سیاسی رابطوں کا آغاز ہوگیا، پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سعید غنی کی امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات ہوئی ہے جس کی مزید تفصیلات سامنے آ گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پیپلز پارٹی کے وفد نے مئیر کراچی کے عہدے کیلئے جماعت اسلامی سے بات کی لیکن جماعت اسلامی نے مؤقف اپنایا کہ میئر سے پہلے نتائج تبدیل کیے جانے کے معاملے پر بات کی جائے۔

ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی نے مؤقف اپنایا کہ جماعت اسلامی کے کامیاب امیدواروں کے نتائج تبدیل کرنے کے معاملے پر  پہلے بات ہوگی، الیکشن کمیشن نے الیکشن کامیابی سے کرائے لیکن آر اوز  اور  ڈی آر  اوز  صورتحال خراب کر رہے ہیں، آر اوز اور ڈی آر اوز سندھ حکومت کے افسران ہیں جو حکومت کی ہدایت پر نتائج تبدیل کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سعید غنی نے دوران ملاقات ہی فون کرکے ری کاؤنٹنگ کی درخواستیں روکنے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے بعد بعض حلقوں میں ری کاؤنٹنگ رُکنے کی اطلاع ہے۔پیپلز پارٹی نے کئی حلقوں میں ری کاؤنٹنگ کی درخواست دے رکھی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ ملاقات میں میئر کراچی کے معاملے پر بات ہو سکتی ہے۔

علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم کا کہنا ہے کہ ان کی پی ٹی آئی کی قیادت سے فون پر بات ہوئی ہے لیکن ابھی تک براہ راست ملاقات نہیں ہوئی،  پی ٹی آئی سے بھی براہ راست ملاقات جلد متوقع ہے۔