Time 19 جنوری ، 2023
پاکستان

بلدیاتی الیکشن: کراچی کے 4 اضلاع کی پارٹی پوزیشن جاری، کون سب سے آگے؟

ضلع ملیر کے 3 ٹاؤنز ملیر، گڈاپ اور ابراہیم حیدری میں 30 یونین کمیٹیوں میں انتخابات ہوئے— فوٹو: فائل
ضلع ملیر کے 3 ٹاؤنز ملیر، گڈاپ اور ابراہیم حیدری میں 30 یونین کمیٹیوں میں انتخابات ہوئے— فوٹو: فائل

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے حتمی نتائج اب تک جاری نہیں ہوسکے ہیں تاہم ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز نے 4 اضلاع ملیر، جنوبی ، کیماڑی اور غربی کی پارٹی پوزیشن جاری کردی ہے۔

ان چار اضلاع میں پیپلز پارٹی نے مجموعی طور پر چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 76 نشستیں جیتیں، تحریک انصاف نے 23 اور جماعت اسلامی نے 8 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

ضلع ملیر

ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ضلع  ملیر کے 3 ٹاؤنز ملیر، گڈاپ اور ابراہیم حیدری میں 30 یونین کمیٹیوں میں انتخابات ہوئے۔

پیپلزپارٹی نے 30 میں سے 20 یونین کمیٹیز  (یو سیز ) میں چیئرمین اور  وائس چیئرمین کے پینل پر کامیابی حاصل کی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 4 نشستیں حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہے، جماعت اسلامی 3، مسلم لیگ ن 2  اور ایک ازاد امیدوار نے نشست حاصل کی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع  ملیر کے تینوں ٹاؤنز میں پیپلزپارٹی اکثریت میں ہے۔

ضلع جنوبی

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ضلع جنوبی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ضلع جنوبی کے دو ٹاؤنز کی 26 میں سے 25  یو سیز میں انتخابات ہوئے۔

ضلع جنوبی میں پیپلزپارٹی چیئرمین اور وائس چیئرمین کی15 نشستیں لینے میں کامیاب ہوئی، تحریک انصاف 9 اور  تحریک لبیک نے ایک نشست حاصل کی۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے مطابق ضلع جنوبی میں پیپلزپارٹی کے 46، تحریک انصاف کے 41 جنرل ممبرز  کامیاب ہوئے،  جماعت اسلامی 12، تحریک لبیک4 اور ایک آزاد امیدوار  جنرل ممبر کی نشست پرکامیاب ہوا۔

 اس کے علاوہ ضلع جنوبی میں 104 وارڈز  پر جنرل ممبر کے انتخابات ہوئے۔

ضلع کیماڑی

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے ضلع کیماڑی کی بھی پارٹی پوزیشن جاری کردی ہے۔

ضلع کیماڑی کے 3ٹاؤنز کی  32 میں سے 31  یو سیز  پر  انتخابات ہوئے، پیپلز پارٹی نے چیئرمین، وائس چیئرمین کی 25 نشستیں جیتیں،مسلم لیگ ن 3،  پی ٹی آئی 2 اور جے یو آئی نے  ایک نشست جیتی۔

کیماڑی کے 123 وارڈز  میں سے 72 پر  پیپلز پارٹی نے جنرل ممبر کی نشست حاصل کی، پی ٹی آئی 21، جماعت اسلامی نے 12، مسلم لیگ ن 5 جنرل ممبرز کی نشستوں پر کامیاب ہوئی۔

تحریک لبیک 4، مسلم لیگ فنکشنل اور آزاد امیدواروں نے3، 3جنرل ممبرز کی نشستیں حاصل کیں۔

ضلع غربی

کراچی کے ضلع غربی کے 3 ٹاؤنز میں 33 میں سے 30 یونین کمیٹیز  پر انتخابات ہوئے۔

پیپلز پارٹی چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 16 نشستوں پر کامیاب ہوئی، تحریک انصاف 8، جماعت اسلامی 5 ، جے یو آئی ایک یو سی پر کامیاب ہوئی۔

ضلع غربی کے 132 وارڈز  پر جنرل ممبرز کیلئے انتخابات ہوئے، پیپلز پارٹی 35،  پی ٹی آئی 50، جماعت اسلامی 35 ،  تحریک لبیک5، جے یوآئی 4 جبکہ آزاد امیدواروں نے جنرل ممبرز کی 3نشستیں حاصل کیں۔

مزید خبریں :