LIVE

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کون ہیں؟

ہما بخاری
January 22, 2023
 

کم سنی میں ہی ماں باپ کی شفقت سے محروم ہو جانے والے سید محسن رضا نقوی نے ہمت اور حوصلے کو ہاتھ سے نہیں چھوڑا— فوٹو: فائل 

چھوٹی عمر میں محنت اورلگن سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے اور بہت سی کامیابیاں سمیٹنے والے سید محسن رضا نقوی نے ایک اور کامیابی اپنے نام کرلی اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر ہوگئے۔

کم سنی میں ہی ماں باپ کی شفقت سے محروم ہو جانے والے سید محسن رضا نقوی نے ہمت اور حوصلے کو ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ 

سرکاری اسکول سے تعلیم کا آغاز کرنے والے محسن نقوی سونے کا چمچ لے کر پیدا نہیں ہوئے لیکن جہد مسلسل، ہمت، محنت و لگن سے کامیابیاں سمیٹتے چلے گئے۔

محسن نقوی 1978 کو لاہور میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم کریسنٹ ماڈل ہائی اسکول سے حاصل کی ،گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کی اور پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکی ریاست میامی چلے گئے جہاں اوہائیو یونیورسٹی سے صحافت میں ڈگری حاصل کی۔

پاکستان واپس لوٹے تو امریکا کے معتبر نشریاتی ادارے سی این این سے منسلک ہوگئے اور ریجنل ہیڈ بنا دیے گئے۔

سی این این کی تاریخ میں سب سے کم عمر ریجنل بیورو چیف بننے کا اعزاز پایا۔ افغان جنگ کے دوران پر خطررپورٹنگ میں اپنا لوہا منوایا۔

30 سال کی عمر میں مقامی میڈیا سٹی نیوز نیٹ ورک کی بنیاد رکھی جس کے یکے بعد دیگرے 6 نیوز چینلز اور ایک اخبار ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

سیاسی حلقوں میں یکساں مقبول تو ہیں ہی لیکن ملک کی سرکردہ سیاسی شخصیات سے بھی ان کے مضبوط تعلقات ہیں۔ چوہدری خاندان کے قریبی رشتہ دار اور آصف علی زرداری سے گہرا تعلق ہے۔ محسن نقوی کی اہلیہ ڈاکٹر اور چار بچے ہیں۔

محسن نقوی کی ایک خاص بات ان کی منکسر المزاج شخصیت اور عادت ہے، کوئی اہم شخصیت ہو یا عام آدمی، آفس میں کام کرنے والا ایک عام ملازم ہو یا افسر ان میں تفریق نہیں کرتے۔