LIVE

بالی وڈ کا ’پٹھان‘ سنیما گھروں میں چھاگیا، پہلے دن کمائی کے ریکارڈ بنا دیے

ویب ڈیسک
January 26, 2023
 

پٹھان نے باکس آفس پر پہلے روز 55 کروڑ کا بزنس کر کے بالی وڈ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔ فوٹو فائل

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان، اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم کی فلم پٹھان نے پہلے ہی روز باکس آفس پر کمائی کا نیا ریکارڈ قائم کر کے بڑی بڑی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے باعث کئی ماہ تک تنازعات کا شکار رہنے والی فلم پٹھان گزشتہ روز بھارت بھر میں سنیما گھروں کی زینت بنی۔

شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کی فلم نے ریلیز کے پہلے ہی روز باکس آفس پر 55 کروڑ سے زائد کا کاروبار کر کے بالی وڈ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔

پٹھان سے قبل بالی وڈ میں ریلیز کے پہلے روز سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ’کے جی ایف‘ تھی جس نے 53 کروڑ 95 لاکھ کا بزنس کیا تھا لیکن پٹھان نے پہلے روز مجموعی طور پر 57 کروڑ روپے کمائے جس میں سے 55 کروڑ باکس آفس اور 2 کروڑ روپے ڈبنگ کے ذریعے کمائے گئے۔

سی ای او یش راج فلم اکشے ودھانی کا اس حوالے سے کہنا ہے آج بھارتی سنیما کی تاریخ کا یادگار دن ہے، فلم بینوں اور ناقدین کا پٹھان دیکھنے میں دلچسپی لینا بہت ہی متاثر کن ہے، ورکنگ ڈے میں باکس آفس پر اتنا بڑا بزنس کرنا ثابت کرتا ہے کہ اب بھی ایسی فلمیں موجود ہیں جو شائقین کو اس طرح محظوظ کر سکتی ہیں جیسے پہلے کسی نے نہیں کیا۔