LIVE

عمران خان کا اپنے قتل کے منصوبے پر بیان، پنجاب حکومت کا تحقیقاتی کمیشن بنانے کا فیصلہ

اعظم ملک
March 22, 2023
 

عمران خان کے لگائے گئے سنگین الزمات کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی، انکوائری کے بعد ہر صورت سخت ایکشن لیا جائے گا: وزیراعلیٰ پنجاب۔ فوٹو فائل

پنجاب کی نگران حکومت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے اپنے قتل کے منصوبے سے متعلق بیان پر تحقیقاتی کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

عمران خان نے آج ویڈیو لنک خطاب میں الزام عائد کیا تھا کہ آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد پولیس نے میرے قتل کا منصوبہ بنایا ہے، مجھے مرتضٰ بھٹو کی طرح قتل کیا جا سکتا ہے، ان لوگوں نے ماڈل ٹاؤن کی طرح کے قتل کا منصوبہ بنایا ہے۔

حکومت پنجاب نے عمران خان کے الزامات کے معاملے کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ عمران خان کے لگائے گئے سنگین الزمات کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی، عمران خان کے الزامات کی مکمل انکوائری کے بعد ہر صورت سخت ایکشن لیا جائے گا۔

قبل ازیں حکومت پنجاب نے پی ٹی آئی پر دہشت گردی کے مقدمات کی تفتیش کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن کمیٹی (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔