LIVE

گوگل میپس کو مکمل بدل دینے والا نیا فیچر متعارف

ویب ڈیسک
May 11, 2023
 

اس فیچر سے میپس میں نیوی گیشن کا طریقہ مکمل بدل جائے گا / فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل کی مقبول ترین ایپ میپس کے استعمال کا تجربہ اب مکمل طورپر بدلنے والا ہے۔

گوگل میپس میں ایمرسیو (Immersive) ویو کا پہلے سے زیادہ بہتر فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔

اس فیچر سے لوگوں کے لیے مطلوبہ منزل تک جانے کا راستہ سمجھنا آسان ہو جائے گا۔

گوگل کی جانب سے اسے ایمرسیو ویو فار روٹس کا نام دیا گیا ہے جس کا اعلان کمپنی کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے موقع پر کیا گیا۔

اس فیچر میں کسی راستے کو برڈ آئی ویو سے دیکھا جاسکے گا تاکہ صارف اس کے آس پاس کے معروف مقامات یا عمارات کو بہتر طریقے سے جان سکے۔

گوگل کی جانب سے ٹریفک کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ لوگ اس کے مطابق سفر کر سکیں۔

اس فیچر کو پیدل چلتے، گاڑی چلاتے یا سائیکل پر سفر کرتے ہوئے بھی استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

یہ بنیادی طور پر گوگل میپس میں گزشتہ سال متعارف کرائے گئے ایمرسیو ویو فیچر پر مبنی ہے مگر اس سے مخصوص مقامات کی بجائے پورے شہر کا 3 ڈی جائزہ لینا ممکن ہو جائے گا۔

یہ فیچر میپس کے ذریعے نیوی گیشن کے تجربے کو بدل دے گا تاہم صارفین کو اس کے لیے کچھ انتظار کرنا ہوگا۔

کمپنی نے بتایا کہ اس فیچر کو آنے والے مہینوں میں ابتدائی طور پر چند شہروں میں متعارف کرایا جائے گا۔

یہ فیچر پہلے گوگل میپس کی موبائل ایپس کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔