گوگل کا پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون، اینڈرائیڈ 14 اور دیگر سروسز متعارف

گوگل کے سی ای او سندر پچائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے / رائٹرز فوٹو
گوگل کے سی ای او سندر پچائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے / رائٹرز فوٹو

گوگل دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن ہے جبکہ اس کی دیگر سروسز کا استعمال بھی اربوں افراد کرتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ہر سال مئی میں گوگل کی آئی او ڈویلپر کانفرنس بہت اہم ہوتی ہے کیونکہ اس میں یہ کمپنی مستقبل کے لیے اپنے منصوبوں اور سروسز کا اعلان کرتی ہے۔

اس سال بھی گوگل کی سالانہ کانفرنس کے دوران کمپنی کی جانب سے چند نئی سروسز، ڈیوائسز اور دیگر اپ ڈیٹس کے بارے میں تفصیلات فراہم کی گئیں۔

کانفرنس میں اعلان کی گئی چند اہم اپ ڈیٹس کی تفصیلات آپ نیچے دیکھ سکتے ہیں۔

آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اور سرچ اپ ڈیٹس

اس کانفرنس میں اے آئی ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دی گئی / رائٹرز فوٹو
اس کانفرنس میں اے آئی ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دی گئی / رائٹرز فوٹو

جنریٹیو اے آئی ٹیکنالوجی پر تمام کمپنیوں کی جانب سے بہت زیادہ توجہ مرکوز کی جا رہی ہے اور گوگل بھی ان میں شامل ہے۔

اس سال گوگل نے اپنی تمام سروسز میں اے آئی ٹیکنالوجی کو شامل کرنے کا اعلان کیا ہے، جیسے جی میل میں یہ ٹیکنالوجی لوگوں کی ہدایات کے مطابق ای میلز تحریر کر سکے گی۔

گوگل فوٹوز کے لیے ایک نیا میجک ایڈیٹر نامی فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جو پس منظر کو بھرنے اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

ڈویلپرز کے لیے گوگل نے پروگرامنگ لینگوئج PaLM 2 اپ ڈیٹ متعارف کرائی گئی۔

گوگل کی جانب سے بارڈ اے آئی چیٹ بوٹ کو باقاعدہ طور پر تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے جسے جی میل اور ڈاکس میں بھی استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

گوگل سرچ میں اسنیپ شاٹس نامی فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو سرچ رزلٹس ڈسپلے کو بہتر کرے گا۔

اینڈرائیڈ 14 آپریٹنگ سسٹم

اینڈرائیڈ کے نئے ورژن میں کافی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں / فوٹو بشکریہ گوگل
اینڈرائیڈ کے نئے ورژن میں کافی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں / فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل کے اسمارٹ فونز اور ٹیبلیٹ کے لیے نئے آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ 14 کو بیٹا (beta) شکل میں فروری میں متعارف کرایا گیا تھا۔

مگر اب اس کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔

کمپنی کے مطابق نئے آپریٹنگ سسٹم میں بڑی اسکرین والی ڈیوائسز کے لیے اپ ڈیٹس کی جا رہی ہیں جبکہ بیٹری لائف اور دیگر پہلوؤں کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔

گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ 14 میں سیٹلائیٹ کنکٹویٹی سپورٹ بھی فراہم کی جائے گی۔

صارفین کی سکیورٹی کے لیے فون میں چپکے سے کام کرنے والے ٹریکرز کے بارے میں الرٹس کے آپشن کا بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ میجک کمپوز نامی فیچر سے صارفین مختلف انداز کے میسجز تیار کر سکیں گے، لاک اسکرین ویجیٹس کو پرسنلائز بنا سکیں گے، ایموجیز کو استعمال کرکے وال پیپر بنانا ممکن ہوگا جبکہ اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے وال پیپرز بھی تیار ہو سکیں گے۔

پکسل فولڈ

پکسل فولڈ / فوٹو بشکریہ گوگل
پکسل فولڈ / فوٹو بشکریہ گوگل

اس کانفرنس کے دوران گوگل نے اپنا پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون پکسل فولڈ بھی متعارف کرایا۔

اس فون کی باہری اسکرین 5.8 انچ جبکہ اندرونی ڈسپلے 7.6 انچ کا ہے۔

فون میں 12 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج دستیاب ہوگی جبکہ اس کی قیمت 1799 ڈالرز (5 لاکھ 18 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوگی۔

فولڈ ایبل فون میں 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جبکہ ڈوئل اسکرین انٹرپٹر موڈ بھی دیا گیا ہے جو کسی فرد سے بات چیت کے دوران اس کی باتوں کا ترجمہ کرے گا۔

چھوٹی اسکرین سے بڑے ڈسپلے پر ایپس خودکار طور پر منتقل ہو سکیں گی جبکہ اسپلٹ کی بورڈ، اسپلٹ اسکرین اور دیگر متعدد فیچرز اس فون کا حصہ ہیں۔

پکسل 7 اے

پکسل 7 اے / فوٹو بشکریہ گوگل
پکسل 7 اے / فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل پکسل 7 اے بنیادی طور پر گزشتہ سال کے پکسل 7 کا سستا ورژن ہے۔

اس فون میں 90 ہرٹز ریفریش اسکرین دی گئی ہے جبکہ چہرے سے فون کو ان لاک کرنا ممکن ہوگا۔

فون میں گوگل کا تیار کردہ ٹینسر جی 2 پراسیسر استعمال کیا گیا ہے جس میں اے آئی فیچرز بھی موجود ہیں۔

6.1 انچ ڈسپلے والے اس فون کا کیمرا بھی گزشتہ سال کے پکسل 6 اے سے بہتر ہے۔

اس کی قیمت 499 ڈالرز (ایک لاکھ 43 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

پکسل ٹیبلیٹ

پکسل ٹیبلیٹ / فوٹو بشکریہ گوگل
پکسل ٹیبلیٹ / فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل کا نیا پکسل ٹیبلیٹ کواڈ اسپیکر چارجنگ ڈوک سے لیس ہے تاکہ ویڈیو کانفرنسنگ زیادہ بہتر ہو سکے۔

اس ڈیوائس میں کروم کاسٹ بلٹ اِن ہے جبکہ 11 انچ کا ڈسپلے دیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق سنگل چارج پر 12 گھنٹے تک ٹیبلیٹ کا استعمال ممکن ہوگا جبکہ ٹیبلیٹ میں 256 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔

اس ٹیبلیٹ کی قیمت 499 ڈالرز رکھی گئی ہے۔

مزید خبریں :