LIVE

ایران کا سعودی دارالحکومت ریاض میں سفارتخانہ 7 سال بعد کل دوبارہ کھولا جائے گا

ویب ڈیسک
June 05, 2023
 

جدہ میں قونصل خانہ اور اوآئی سی دفتر بھی کل دوبارہ کھول دیے جائیں گے: ایرانی وزارت خارجہ— فوٹو:فائل

ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں مزید پیش رفت ہوئی ہے اور ایران نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کل سفارتخانہ کھولنے کی تصدیق کردی۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی کے مطابق 7 سال بعد ایران اور سعودی سفارتی تعلقات بحال ہونے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی دارالحکومت میں سفارتخانہ، جدہ میں قونصل خانہ اور اوآئی سی دفتر کل (منگل) کو دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔

سفارتخانہ کھولے جانے کے موقع پر ایران کے سعودی عرب کیلئے نامزد سفیر علی رضا عنایتی بھی موجود ہوں گے اور اس حوالے سے تقریب مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے ہوگی۔

خیال رہے کہ کئی برسوں کے کشیدہ تعلقات کے بعد مارچ میں ایران سعودی سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیاگیا تھا اور دونوں ممالک کے تعلقات بحالی چین کی معاونت سےہوئی ہے۔