LIVE

کراچی میں آوارہ کتوں کی شکایت کی ہیلپ لائن بحال، ایپ بھی تیار

امین انور
March 28, 2024
 

جنوری 2022 سے مارچ 2024 تک 19 ہزار سے زائد کتوں کو ویکسین لگائی گئی، آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے قوانین بنا دیے گئے ہیں: پراجیکٹ ڈائریکٹر اینٹی ربیز کنٹرول پروگرام۔ فوٹو فائل

کراچی: پراجیکٹ ڈائریکٹر اینٹی ربیز کنٹرول پروگرام کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کی شکایت کے لیے ایپ تیار کر لی گئی ہے۔

شہر قائد میں آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی اور ویکسین کی عدم فراہمی سے متعلق درخواست پر سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر اینٹی ربیز کنٹرول پروگرام نے جواب عدالت میں جمع کرا دیا جس میں بتایا گیا کہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی شکایت کے لیے بنائی گئی ہیلپ لائن 1093 بحال کر دی ہے۔

عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں بتایا گیا کہ جنوری 2022 سے مارچ 2024 تک 19 ہزار سے زائد کتوں کو ویکسین لگائی گئی، چار اضلاع میں ربیز کنٹرول سینٹرز بنائے گئے ہیں، آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے قوانین بنا دیے گئے ہیں۔

جواب میں بتایا گیا کہ صوبے کے ہر ضلع میں ڈاگز پاپولیشن کنٹرول سینٹر بنائے جائیں گے، 29 فروری کو ہر ضلع میں ڈاگز پاپولیشن کنٹرول سینٹر بنانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر اینٹی ربیز کنٹرول پروگرام کے جواب میں بتایا گیا ہے کہ آوارہ کتوں کی شکایت اور کاٹنے کے واقعات سے متعلق شکایت کے لیے موبائل ایپ بھی بنا لی ہے، رمضان کے بعد عوام الناس کیلئے یہ ایپ بحال کر دی جائے گی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہری آوارہ کتوں سے متعلق تصویر اور پتے کے ساتھ شکایت کر سکتے ہیں، آوارہ کتوں کو ویکسی نیشن کا سلسلہ جاری ہے۔

عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 4 مئی تک ملتوی کر دی۔