LIVE

قومی ٹیم کیلئے 2 غیر ملکی کوچز کون ہونگے؟ معاملات حتمی مرحلے میں داخل

سہیل عمران
March 29, 2024
 

گیری کرسٹن کو وائٹ بال اور جیسن گلیسپی کو ریڈ بال کرکٹ کی کوچنگ مل سکتی ہے، دونوں کوچز کے ساتھ مختلف امور پر بات چیت جاری ہے__فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے الگ الگ کوچز مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق غیرملکی کوچز کی تقرری کے حوالے سے معاملات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں، سابق جنوبی افریقی کرکٹر گیری کرسٹن اور سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر جیسن گلیسپی کے ساتھ معاملات طے ہونے کے قریب ہیں۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گیری کرسٹن کو وائٹ بال اور جیسن گلیسپی کو ریڈ بال کرکٹ کی کوچنگ مل سکتی ہے، دونوں کوچز کے ساتھ مختلف امور پر بات چیت جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گیری کرسٹن کی مصروفیات کے دوران جیسن گلیسپی ذمہ داری نبھا سکتے ہیں، گیری کرسٹن سے ان کی مستقبل کی کمٹمنٹس کے معاملے پر بات ہو رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق غیرملکی کوچز کے ساتھ دیگر سپورٹ اسٹاف کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے جب کہ کوچز سے کے ساتھ دیگر ملکی کوچز کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی ہے۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں کپتان اور کوچز کا معاملہ زیر بحث آیا تھا اور ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز میں اس حوالے سے فیصلے کا امکان ہے جس کا بعد میں باقاعدہ اعلان ہوگا۔

واضح رہے کہ بابراعظم کو ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔