LIVE

ملت ایکسپریس واقعہ: جاں بحق ہونیوالی خاتون مریم کی ٹرین کی نئی ویڈیو سامنے آگئی

ویب ڈیسک
April 17, 2024
 

ملت ایکسپریس میں تشدد کا نشانہ بننے کے بعد پر اسرار طور پر ہلاک ہونے والی خاتون مریم کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون نے اپنے بال کھولے ہوئے ہیں اور وہ چیخ و پکار کرتے ہوئے جھوم رہی ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون کے ہمراہ دو بچے ایک لڑکا اور ایک لڑکی بھی ہے، بچوں کو بھی مریم کی جانب سے زور زور سے کلمہ پڑھنے کا کہا جارہا ہے۔

وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں مریم کی ٹرین کے ڈبے میں برتھ پر لیٹے شخص سے تلخ کلامی بھی سنی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل چلتی ٹرین میں خاتون اور بچے پر پولیس اہلکار کے تشدد کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس کے بعد تشدد کرنے والے اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا بعد ازاں خاتون پر تشدد کرنے والا ریلوے پولیس اہلکار ضمانت پر رہا ہوگیا تھا۔

سامنے آنے والی ویڈیو میں خاتون کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’مار کیوں رہا ہے، مار نہیں، مار نہیں‘۔