LIVE

بھارت سے کپاس کی درآمد پر کوئی پابندی نہیں، پاکستانی حکام

ویب ڈیسک
December 08, 2016
 

 

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت سے کپاس کی درآمد پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی، بھارت سمیت مختلف ممالک سے لائی جانے والی کپاس کے بنولے سے پاک ہونے کو یقینی بنانے کے لیے پورٹ پر چیکنگ معمول کا عمل ہے ۔

وزرات ٹیکسٹائل کے ڈائریکٹر عثمان کنور کا کہنا ہے کہ بھارت سے کپاس کی درآمد معمول کے مطابق جاری ہے، پاکستانی تاجر سمندری راستے سے جتنی چاہیں کپاس درآمد کر سکتے ہیں تاہم واہگہ کے راستے سالانہ پانچ لاکھ گانٹھ درآمد کرنے کی اجازت ہے۔

محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے ڈپٹی سیکرٹری طارق کا کہنا ہے کہ درآمد شدہ کپاس کی گانٹھوں میں اگر کپاس کا بیج شامل ہو تو اسے پورٹ پر مسترد کر دیا جاتا ہے، اس وقت پاکستان میں کپاس کے بیج کی درآمد پر پابندی ہے، کسی بھی ملک سے کپاس کا بیج صرف ریسرچ کے لیے منگوایا جا سکتا ہے جس کی مقدار چار سو پچاس گرام ہے ۔