LIVE

لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کے لندن قیام میں 14 دن کی توسیع کردی

ریاض شاکر
February 11, 2019
 

نومولود بیٹی کی طبیعت خراب ہے جس کے علاج کے لیے انہیں بیرون ملک قیام کرنا ہے، درخواست میں مؤقف۔ فوٹو: فائل

لاہور: ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی لندن قیام میں توسیع کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 14 دن کے قیام کی اجازت دے دی۔

جسٹس فرخ عرفان خان نے حمزہ شہباز کی لندن میں قیام سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی۔

حمزہ شہباز کے وکیل کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ حمزہ شہباز کی نومولود بیٹی کی طبیعت خراب ہے جس کے علاج کے لیے انہیں بیرون ملک قیام کرنا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ بیٹی کی طبیعت ٹھیک ہوتے ہی حمزہ شہباز واپس آجائیں گے، عدالت مزید 15 روز بیرون ملک قیام کی اجازت دے۔

عدالت نے درخواست پر وکیل کا مؤقف سننے کے بعد اسے منظور کرتے ہوئے حمزہ شہباز کو مزید 14 روز تک لندن میں قیام کی اجازت دے دی۔

اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور 10 روز تک انہیں بیرون ملک قیام کی اجازت دی تھی۔

یاد رہے کہ نیب حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی تحقیقات کر رہا ہے، جس میں گرفتاری سے بچنے کے لیے انہوں نے حفاظتی ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔