LIVE

قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ اور ان کے دوست حمزہ کی نماز جنازہ ادا

ویب ڈیسک
May 18, 2019
 


پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمر اور ان کے دوست حمزہ بٹ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

اسامہ قمر اور حمزہ بٹ کی نماز جنازہ لالہ موسیٰ میں ادا کی گئی جس میں سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید، یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور راجہ پرویز اشرف سمیت بڑی تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی۔

اسامہ قمر اور ان کے دوست حمزہ بٹ کی تدقین لالہ موسیٰ کے مقامی قبرستان میں کر دی گئی ہے۔

قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمر اور ان کے دوست حمزہ بٹ گزشتہ روز لالہ موسیٰ میں ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے جب کہ اسامہ قمر کا ایک دوست حادثے میں زخمی بھی ہوا تھا۔

وزیراعظم عمران خان، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، قائد حزب اختلاف شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان، سراج الحق، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے قمر زمان کائرہ کے بیٹے کے انتقال پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔