17 مئی ، 2019
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا جواں سال بیٹا ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گیا۔
ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق بیٹے کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملتے ہی قمر زمان کائرہ پریس کانفرنس چھوڑ کر لالہ موسٰی روانہ ہو گئے۔
قمر زمان کائرہ کا بیٹا گورنمنٹ کالج لاہور میں زیر تعلیم تھا اور ان کا انتقال لالہ موسیٰ میں ہونے والے ٹریفک حادثے میں ہوا۔
وزیراعظم عمران خان نے قمر الزمان کائرہ کے جواں سال بیٹے کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور غمزدہ والدین اور خاندان کے صبر کی دعا کی۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھی پی پی رہنما کے جواں سال بیٹے کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں کائرہ فیملی کے ساتھ ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے قمر زمان کائرہ سے ان کے بیٹے کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جواں سال بیٹے کے انتقال کی اندوہناک خبر سن کر شدید صدمہ ہوا، خدا سے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہوں۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی قمرزمان کائرہ کے بیٹے کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور ان کا کہنا تھا کہ جواں سال بیٹےکی خبر سن کر دلی رنج اور افسوس ہوا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جواں سال اسامہ قمر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے سوگوار والدین کے لیے ناقابل تلافی صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان کی اہلیہ اور بیٹا بھی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔