LIVE

مرید عباس قتل کیس: ملزم عاطف زمان 4 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

امین انور
July 15, 2019
 

Your browser doesnt support HTML5 video.


کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے مرید عباس قتل کیس کے ملزم عاطف زمان کو 19 جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں اینکر مرید عباس قتل کیس کی سماعت ہوئی جس دوران تفتیشی افسر نے عدالت سے ملزم کے 19 جولائی تک چار روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

تفتیشی افسر نے مؤقف اپنایا کہ تفتیش کے حوالے سے ابھی میں کچھ نہیں بتاسکتا، ملزم کے بھائی اور ڈرائیور کی تلاش کررہے ہیں، ڈاکٹروں کی رپورٹ آج جمع کرائی ہے، ملزم کی حالت ایسی نہیں کہ پیش کیا جا سکے لہٰذا ڈاکٹرز کی اجازت کے بعد ہی ملزم کوعدالت میں پیش کیا جائے گا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزم عاطف زمان اٹھ بیٹھ نہیں سکتا، اس کے ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔

عدالت نے ملزم کی صحت اور تفتیش سے متعلق رپورٹ 30 جولائی تک طلب کرتے ہوئے ملزم عاطف زمان کو 19 جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور خضر حیات نامی شخص کو بزنس پارٹنر نے قتل کیا تھا جس کے بعد قاتل نے خود کو بھی گولی مارکر خودکشی کی کوشش کی تھی تاہم وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔