پاکستان
Time 12 جولائی ، 2019

اینکر مرید عباس قتل کیس میں مزید انکشافات سامنے آنے لگے

ملزم عاطف زمان کے پاس کئی بینکرز نے بھی سرمایہ کاری کر رکھی تھی۔ فوٹو: فائل

نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور اس کے دوست خضر حیات قتل کیس کی تحقیقات میں روز نت نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اینکر مرید عباس کے قتل کے بعد اس بات کے شواہد ملے تھے کہ ٹائروں کے غیر قانونی کاروبار میں کئی دیگر اینکرز نے بھی سرمایہ کاری کر رکھی تھی۔

اب انکشاف ہوا ہے کہ اینکر مرید عباس کے قتل میں ملوث ملزم عاطف زمان کے پاس کئی بینکرز نے بھی سرمایہ کاری کر رکھی تھی۔

عاطف زمان کے پاس سرمایہ کاری کرنے والے ایک بینکر نے جیو نیوز کو اپنا نام صیغہ راز میں رکھنے کی شرط پر بتایا کہ اکتوبر 2017 میں عاطف زمان کے پاس 25 لاکھ کی سرمایہ کاری کی۔

بینکر نے مزید بتایا کہ جاننے والوں اور رشتے داروں کے کروڑوں روپے ٹائروں کے کاروبار پر لگا چکا ہوں۔

بینکر نے مزید بتایا کہ عاطف زمان نے اینکرز اور بینکرز کو خاص طور پر ہدف بنا رکھا تھا اور انہی کے ذریعے نئے سرمایہ کار تلاش کرتا تھا۔

متاثرہ بینکر نے بتایا کہ مجھے سرمایہ کاری پر جو منافع ملا وہ دوبارہ انویسٹ کر دیا تھا۔

گزشتہ روز ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق دھاریجو نے بھی اسپتال میں زیر علاج ملزم عاطف زمان کا بیان ریکارڈ کیا تھا جس میں ملزم نے انکشاف کیا تھا کہ وہ دیگر لوگوں سے پیسے لیکر اس کاروبار پر لگاتا تھا۔

ملزم عاطف زمان نے پولیس کو ریکارڈ کرائے گئے بیان میں انکشاف کیا کہ اینکر مرید عباس اور خضر حیات کی جانب سے بیوی بچوں کو غائب کرنے کی دھمکی پر انہیں قتل کا منصوبہ بنایا۔

مزید خبریں :