LIVE

وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

ویب ڈیسک
December 14, 2019
 

Your browser doesnt support HTML5 video.

وزیر اعظم پاکستان عمران خان ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان خصوصی پرواز سے مدینہ منورہ پہنچے جہاں رائل ٹرمینل پر ڈپٹی گورنر وھیب السہلی اور پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید نے ان کا استقبال کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے مدینہ منورہ میں روضہء رسول پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے ۔

بعد ازاں عمران خان سعودی قیادت سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطے میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔

سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق ایک روزہ دورے پر  وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کریں گے۔ پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت کے درمیان باہمی تعاون اور خطے کی صورت حال پر مشاورت ہو گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی سعودی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران ملائیشیا میں ہونے والی او آئی سی کانفرنس کے متعلق امور  پر بھی گفتگو کی جائے گی۔

علاوہ ازیں دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں پر عملدرآمد سے متعلق پیشرفت پر بھی بات چیت کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان دو روز قبل تین ممالک کے دورے پر روانہ ہونے والے تھے لیکن ملکی صورتحال کے پیش نظر انہوں نے اپنے شیڈول میں تبدیلی کی۔

 وزیراعظم سوئٹزر لینڈ بھی جائیں گے جہاں وہ جینیوا میں مہاجرین سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب کریں گے اور پھر ملائیشیا میں ہونے والے او آئی سی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس آئیں گے۔