LIVE

نیب کی میر شکیل الرحمان کو علیل بھائی سے ملنے کی اجازت

ویب ڈیسک
March 30, 2020
 

نیب نے 12 مارچ کو 34 سال پرانے پراپرٹی کیس میں میر شکیل الرحمان کو گرفتار کر رکھا ہے۔ فوٹو: فائل

وفاقی احتساب بیورو (نیب) نے جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کو اپنے علیل بھائی میر جاوید سے ملنے کی اجازت دیدی ہے۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قومی احتساب بیورو نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر میر شکیل الرحمان کو اپنے علیل بھائی میر جاوید الرحمان کی عیادت کی اجازت دی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز میر  خلیل الرحمان کے بڑے صاحبزادے میر جاوید الرحمان کو طبیعت خراب ہونے پر نجی اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا اور ڈاکٹرز نے ان کے پھیپھڑوں میں کینسر کا مرض تشخیص کیا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ میر شکیل الرحمان ایک یوم کے لیے اپنے بھائی کی عیادت کے لیے کراچی جا سکتے ہیں لیکن اس دوران وہ بدستور نیب کی حراست میں ہی رہیں گے۔

نیب اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ریمانڈ کے دوران ضمانت دینے کا نہ دینے کا اختیار عدالت کو حاصل ہے اس لیے ملزم یا لواحقین اس حوالے سے عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ نیب نے 12 مارچ کو 34 سال پرانے پراپرٹی کیس میں پیشی کے وقت میر شکیل الرحمان کو گرفتار کر لیا تھا اور پھر اگلے ہی روز احتساب عدالت سے ان کا جسمانی ریمانڈ منظور کروا لیا تھا۔