LIVE

دہشتگرد حملہ ناکام بنانے والے شہید سیکیورٹی گارڈ کی بہن بھی انتقال کرگئیں

ویب ڈیسک
June 29, 2020
 

کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگرد حملہ ناکام بنانے والے شہید سیکیورٹی گارڈ حسن کی بہن بھی انتقال کرگئیں۔

نجی  سکیورٹی کمپنی کے سپروائزر کے مطابق جس وقت اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں حسن شہید ہوا، اسی وقت گھر پر اس کی بہن بھی انتقال کرگئی، شہید بھائی اور بہن کی نماز جنازہ ایک ساتھ ادا کی گئی۔

خیال رہے کہ آج کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے میں پولیس اور رینجرز کے علاوہ 2 نجی سیکیورٹی کمپنیز کے گارڈز نے بھی نمایاں کردار ادا کیا۔

اس دوران 3 سیکورٹی گارڈز شہید جبکہ دو شدید زخمی ہوئے۔ شہید گارڈز میں سے دو اسٹاک ایکسچینج جبکہ ایک قریبی بینک میں تعینات تھا۔

افتخار وحید دسمبر 2016 اور خدایار دسمبر 2014 سے اسٹاک ایکسچینج میں تعینات تھے۔ دونوں کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے دیر سے تھا۔

سیکیورٹی کمپنی کے سی او او کرنل ریٹائرڈ محسن نے بتایا کہ افتخار وحید کو سر میں گولی لگنے کے بعد اسپتال لے جایا جارہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئے جبکہ خدا یار کو 6 گولیاں لگیں جو موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ کرنل محسن نے شہیدمحافظوں کیلئے انعام اور تمام اخراجات اُٹھانے کا اعلان کیا ہے۔