اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والوں کو کیسے ڈھیر کیا گیا؟ فوٹیج سامنے آگئی

کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی سی سی ٹی وی  فوٹیجز سامنے آگئی ہیں۔

 پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی ایک سی سی ٹی وی ویڈیو میں حملہ آوروں کی گاڑی کو اسٹاک ایکسچینج کے باہر رکتے  اور انہیں سیکیورٹی گارڈز پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں  پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سیکیورٹی گارڈز کی فوری جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد کو بھی زمین پرگرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی ایک اور زوایے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے ۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صبح 10بجکر 2منٹ پر دہشت گردوں کی گاڑی مرکزی دروازے پر پہنچی اور پھر  دہشت گردوں نے گاڑی سے اتر کر فائرنگ کی۔

دوسری ویڈیو میں بھی سیکیورٹی گارڈز کی فائرنگ سے ایک دہشت گرد کو گرتے دیکھاجاسکتا ہے جب کہ کچھ دیر بعد ایک اور دہشت گرد بھی سیکیورٹی گارڈز کی فائرنگ کا نشانہ بنا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ  سیکورٹی گارڈز  حملہ آوروں کی گاڑی کے اندر بھی فائرنگ کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ آج صبح پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے میں  ایک پولیس اہلکار اور اسٹاک ایکسچینج کے 3 سیکیورٹی گارڈز شہید ہوگئے جب کہ  جوابی کارروائی میں چاروں حملہ آور مارے گئے۔

پولیس کے مطابق پیر کی صبح 10 بجے کے قریب 4 دہشت گردوں نے پہلے اسٹاک ایکسچینج کے گیٹ پر دستی بم حملہ کیا اور پھر اندھا دھند فائرنگ کردی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور آپریشن شروع کردیا۔

پولیس کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے اسٹاک ایکسچینج میں داخلے کی کوشش کرتے وقت 2 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جب کہ مزید 2 دہشت گردوں کو آگے ہی مار گرایا اور دہشت گرد اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں داخل نہ ہوسکے۔

پولیس ترجمان کا بتانا ہےکہ دہشت گردوں کے حملے میں ایک پولیس سب انسپکٹر اور اسٹاک ایکسچینج کے 3 سیکیورٹی گارڈ بھی شہید ہوگئے، اس کے علاوہ پولیس اہلکار سمیت 6 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :