LIVE

تیز بارش میں بیٹی کو فٹ پاتھ پر آن لائن کلاس دلواتا والد سوشل میڈیا پر مقبول

ویب ڈیسک
June 21, 2021
 

فوٹوبشکریہ ٹوئٹر

بھارتی ریاسٹ کرناٹکا میں تیز بارش کے دوران فٹ پاتھ پر آن لائن کلاس لیتی بیٹی والد کے ہمراہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

وائرل تصویر میں بچی کو فٹ پاتھ پر آن لائن کلاس لیتے جب کہ والد نریانا کو بچی پر چھتری لگائے کھڑا دیکھا جاسکتا ہے۔

بالاکا گاؤں سے تعلق رکھنے والی طالبہ کا کہنا ہے کہ اسے گاؤں میں بہتر انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں لہٰذا اچھے نیٹ ورک کے حصول کے لیے گاؤں کے باہر جانا پڑتا ہے۔

زیر نظر تصویر میں موجود لڑکی بہتر انٹرنیٹ سہولت میسر نہ ہونے کے سبب تیز بارش کے باوجود بھی گھر سے باہر آن لائن کلاس لینے پر مجبور ہے۔

مذکورہ گاؤں سے تعلق رکھنے ایک اور طالبعلم کا بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ میں بی اے کا طالبعلم ہوں، ہمارے گاؤں میں انٹرنیٹ کنکشن نہیں اور بغیر انٹرنیٹ آن لائن کلاسز لینا خاصا دشوار کن ہے، کورونا وبا کے دوران ہم 30 سے 40 طالب علم گاؤں سے باہر جاکر آن لائن کلاس لیتے ہیں، مون سون کے آغاز کے باوجود ہم طالب علم 9سے 1 بجے تک آن لائن کلاس لیتے ہیں۔