LIVE

کروز شپ منشیات کیس: این سی بی کا بالی وڈ پروڈیوسر کے گھراور دفتر پر چھاپہ

ویب ڈیسک
October 09, 2021
 

 آریان کی دیگر ملزمان کے ساتھ گرفتاری کے بعد این سی بی کی جانب سے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے: فوتو بھارتی میڈیا

بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے کروز شپ کیس میں بالی وڈ پروڈیوسر کے گھر اور دفتر پر چھاپہ مارا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کےمطابق کروز شپ منشیات کے کیس میں شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کی دیگر ملزمان کے ساتھ گرفتاری کے بعد این سی بی کی جانب سے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نارکوٹکس بیورو کے حکام نے کیس کے سلسلے میں بھارتی فلم ساز امتیاز کھتری کے گھر اور دفتر پر بھی چھاپہ مارا۔

این سی بی نے جمعے کے روز ممبئی کے علاقے باندرہ میں امتیاز کھتری کے گھر اور دفتر پر چھاپہ مارا جس کی اطلاع نارکوٹکس حکام نے ہفتے کے روز باضابطہ طور پر دی۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق این سی بی حکام نے دورانِ تفتیش ملزم اچت کمار کی نشاندہی پر امتیاز کھتری کے گھر اور دفتر پر چھاپہ مارا۔

این سی بی حکام نے امتیاز کھتری کو ہفتے کو دفتر میں پیش ہونے کا بھی حکم دیا ہے۔

اس موقع پر این سی بی ممبئی زون کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو اور پراسیکیوشن اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا کیس مضبوط ہے اور اسے سیشن کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔