LIVE

اپنے لیے تیار کی گئی پالیسی عوام پر تھوپ دی گئی، رضا ربانی

ویب ڈیسک
January 14, 2022
 

پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ یہ کیسی قومی سلامتی پالیسی ہے جس میں پارلیمنٹ سے پوچھا تک نہیں گیا، اپنے لیے تیار کی گئی  پالیسی عوام پر تھوپ دی گئی۔

سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ جو معاہدہ ہوا وہ اب تک سامنے نہیں آیا، کہا گیا تھا کہ معاہدہ چند دنوں میں قوم کے سامنے آجائے گا۔

اسلام آباد میں سینیٹر شیری رحمان کی کتاب ’ویمن پلاننگ‘ کی تقریب رونمائی ہوئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ کوشش کی جاتی ہے کہ صرف ریاست کے بیانیے کو تاریخ میں مرتب کیا جائے، تاریخ میں خواتین کی جدوجہد بھی اسی ظلم کا نشانہ بنی۔

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ نیشنل سکیورٹی پالیسی آئی، یہ کیسی پالیسی ہے جس کی پارلیمان سے مشاورت نہیں کی گئی، یہ قوم کی نہیں صرف ریاست کی پالیسی ہے۔

شیری رحمان کی کتاب میں پاکستان کی مشہور اور کامیاب خواتین کی جدوجہد اور دیگر خواتین کیلئے رول ماڈل بننے کے سفر پر روشنی ڈالی گئی ہے۔