LIVE

مریم نواز سے متعلق نازیبا بیان، اداکارہ ریشم عمران خان پر پھٹ پڑیں

ویب ڈیسک
May 22, 2022
 

انسٹاگرام پر اداکارہ ریشم نے عمران خان اور مریم نواز کی تصویر شیئر کرتے ہوئے عمران خان پر تنقید کی/فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا 

سابق وزیر اعظم عمران خان کو ملتان جلسے میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے لیے کہے گئے جملوں پر تنقید کا سامنا ہے  اور  اس حوالے سے سینئر اداکارہ ریشم کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔

انسٹاگرام پر اداکارہ ریشم نے عمران خان اور مریم نواز کی تصویر شیئر کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کی۔

 ریشم نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’کسی عورت کے بارے میں یہ تضحیک آمیز الفاظ وہ شخص کہہ رہا ہے جو اس سے پہلے بھی یہ بیان دے چکا ہے کہ عورت کا لباس مردوں کو ترغیب دیتا ہے اور یہ اس پس منظر میں تھا جب ہر دوسرے دن کم عمر بچیاں مردوں کی ہوسناکیوں کا شکار بن رہی تھیں۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ایک شخص جس نے ہمیشہ عورت کے لیے گندے اور گھٹیا کلمات کہے، کیا اس کے جلسوں میں جوق در جوق جانے والی عورتیں نہیں سمجھ پا رہیں کہ انہی کی ہم جنس کے بارے میں ان کے لیڈر کی یہ مکروہ رائے دراصل ان عورتوں کی بھی تضحیک ہے کہ جو اس کو اپنا نام نہاد نجات دہندہ سمجھ بیٹھی ہیں۔ 

ملتان میں جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ ’مجھے کسی نے سوشل میڈیا پر تقریر بھیجی، مریم تقریر کر رہی تھی کل، اس میں اتنی دفعہ اور اس جذبے سے اور اس جنون سے میرا نام لیا کہ میں اس کو کہنا چاہتا ہوں کہ مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے جس طرح تم بار بار میرا نام لیتی ہو‘۔

یاد رہے کہ عمران خان کو اس سے قبل بھی اپنے بیان پر مشہور شخصیات اور سیاستدانوں کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑچکا ہے۔