LIVE

استعفوں کی تصدیق کا معاملہ، پی ٹی آئی کا کوئی رکنِ اسمبلی پیش نہ ہوا

ویب ڈیسک
June 06, 2022
 

مقررہ وقت کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی استعفوں سے متعلق اپنا فیصلہ کریں گے، ذرائع— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کا عمل شروع نہ ہوسکا، آج  پی ٹی آئی کا کوئی رکن تصدیق کیلئے نہیں آیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے ہر  پی ٹی آئی رکن کیلئے 5 منٹ مقرر کر رکھے تھے اور تصدیق کیلئے پی ٹی آئی کے 30 ارکان کو  آج بلایا گیا تھا لیکن کوئی رکن پیش نہیں ہوا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نےاستعفوں کی تصدیق کیلئے 10جون کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقررہ وقت کے  بعد اسپیکر قومی اسمبلی استعفوں سے متعلق اپنا فیصلہ کریں گے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کے عمل میں شامل نہ ہونے کی ہدایت کی تھی۔

تحریک انصاف کی قیادت نے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ استعفوں کی تصدیق کے عمل کا حصہ نہ بنیں، قیادت نے پارٹی ارکان کے سامنے مؤقف اپنایا تھا کہ ہم استعفے دےچکے ہیں لہٰذا مزید کسی اقدام کی ضرورت نہیں۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان کی تعداد 131 ہے۔