LIVE

پی پی نے کراچی کو جرائم کا گڑھ بنا دیا، حالت موغا دیشو سے بھی ابتر ہو گئی: بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک
December 09, 2022
 

شرجیل میمن کی مثال اس مینڈک جیسی ہے جو ڈھیلے پر چڑھ کر کہتا ہے کہ کشمیر نظر آیا: ترجمان وزیراعلیٰ کے پی۔ فوٹو فائل

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی بیرسٹر سیف نے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کے خیبر پختونخوا میں سکیورٹی حالات سے متعلق بیان پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

بیرسٹر سیف نے وزیر اطلاعات سندھ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شرجیل میمن کی مثال اس مینڈک جیسی ہے جو ڈھیلے پر چڑھ کر کہتا ہے کہ کشمیر نظر آیا، شرجیل میمن کی نظروں سے سندھ اوجھل ہے لیکن انہیں خیبر پختونخوا نظر آ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن نے خیبر پختونخوا میں امن و امان سے متعلق بونگی ماری ہے، کراچی میں جتنے جرائم ہوتے ہیں اتنے پورے پاکستان میں نہیں ہوتے۔

ترجمان کے پی حکومت کا کہنا تھا کہ کراچی پیپلزپارٹی کی حکمرانی میں جرائم کا گڑھ بن چکا ہے، ان کی نااہلی کی وجہ سے کراچی موغا دیشو سے بھی ابتر ہے، سندھ کے کچے کے علاقے میں پولیس اہلکار بھی محفوظ نہیں ہیں۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ شرجیل میمن خیبر پختونخوا آئیں انہیں سکیورٹی گارڈ کے بغیر گھما کر دکھائیں گے، شرجیل میمن بونگیاں مارنا چھوڑ کر سندھ کی حالت پر توجہ دیں۔