LIVE

کے پی میں سینیٹ الیکشن سے قبل خواتین و اقلیتی ارکان سے حلف لیا جائے: ہائیکورٹ کا حکم

دانیال عزیز
April 19, 2024
 

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مخصوص نشستوں پر منتخب اپوزیشن اراکین سے حلف لیں: پشاور ہائیکورٹ— فوٹو:فائل

پشاور ہائیکورٹ نے اپوزیشن کی خواتین اور اقلیتی ارکان سے حلف لینے کا حکم دے دیا۔

پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے 24 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا۔

عدالت نے فیصلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور صوبائی کابینہ کو اسمبلی اجلاس طلب کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا حکم دیا۔

فیصلے کے متن کے مطابق آئین کے آرٹیکل 105 کے تحت 14 دن کےاندر کے پی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے اور خیبرپختونخوامیں سینیٹ انتخابات سے قبل نومنتخب ممبران سے حلف لیا جائے۔

فیصلے میں حکم دیا گیا ہے کہ اسپیکر  خیبرپختونخوا اسمبلی مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لیں۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان کو حلف سے روکنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں خیبرپختونخوا حکومت نے مخصوص نشستوں پر منتخب اپوزیشن ارکان سے حلف لینے کیلئے اجلاس نہ بلانے لا فیصلہ کیا تھا۔

ارکان کے حلف  نہ اٹھانے پر الیکشن کمیشن نے پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن ملتوی کردیے تھے۔