LIVE

وہ آسان طریقہ جس سے آپ خود کو جان لیوا امراض سے محفوظ رکھ سکتے ہیں

ویب ڈیسک
May 01, 2024
 

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

درمیانی عمر میں اچھی فٹنس سے سنگین امراض سے خود کو محفوظ رکھنا ممکن ہوتا ہے جبکہ کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔

یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ساؤتھ آسٹریلیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ کارڈیو فٹنس کو بہتر بنانے سے کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔

کارڈیو فٹنس سے مراد ورزش کرتے ہوئے جسم کی آکسیجن کو جذب کرنے اور مسلز سمیت اعضا تک پہنچانے کی اچھی صلاحیت ہے۔

کارڈیو ورزشیں تیز رفتاری سے چہل قدمی، دوڑنے، تیراکی، سیڑھیاں چڑھنے اور سائیکل چلانے جیسی سرگرمیوں پر مشتمل ہوتی ہیں۔

ان ورزشوں سے دل کی دھڑکن کی رفتار تیز ہو جاتی ہے جبکہ سانس پھول جاتی ہے، جس سے دل اور نظام تنفس سے جڑی صحت بہتر ہوتی ہے۔

تحقیق کے دوران 2 کروڑ سے زائد افراد پر ہونے والی 199 تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کیا گیا اور دریافت ہوا کہ کارڈیو فٹنس اور اچھی صحت کے درمیان تعلق موجود ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ دل اور نظام تنفس سے جڑی صحت میں معمولی بہتری سے بھی امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ 18 فیصد جبکہ کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 11 سے 17 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ کارڈیو فٹنس ممکنہ طور پر اچھی صحت کے لیے فٹنس کی سب سے اہم قسم ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے دریافت کیا کہ اچھی کارڈیو فٹنس سے کسی بھی وجہ سے قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فٹنس صحت کے لیے متعدد فوائد کا باعث بنتی ہے جبکہ بڑھاپے میں متعدد دائمی امراض جیسے امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

محققین کے مطابق یہ واضح ہے کہ کارڈیو ورزشوں کو معمول بنا لینا چاہیے تاکہ مستقبل میں مختلف امراض سے محفوظ رہ سکیں، اگر آپ کارڈیو فٹنس پر توجہ مرکوز نہیں کرتے تو صحت متاثر ہو سکتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع ہوئے۔

اس سے قبل جولائی 2023 میں جرنل JAMA Network Open میں شائع ایک تحقیق میں بھی بتایا گیا تھا کہ کارڈیو ورزشیں کرنے کے عادی مردوں میں کینسر کی چند عام ترین اقسام کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔

تحقیق کے دوران دیکھا گیا کہ کارڈیو فٹنس سے پھیپھڑوں، مثانے اور آنتوں کے کینسر سے متاثر ہونے یا موت کا خطرہ کس حد تک کم ہو جاتا ہے۔

خیال رہے کہ کینسر کی یہ تینوں اقسام مردوں میں سب سے زیادہ عام ہوتی ہیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ اچھی فٹنس والے مردوں میں کینسر کی ان تینوں اقسام سے موت کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہوتا ہے۔

تحقیق کے دوران طرز زندگی کے عناصر اور تمباکو نوشی کو بھی مدنظر رکھا گیا اور پھر بھی کارڈیو ورزشوں کو کینسر سے تحفظ کے لیے بہترین دریافت کیا گیا۔

محققین نے بتایا کہ جسمانی سرگرمیاں جان لیوا امراض جیسے کینسر اور امراض قلب سے بچانے کے لیے مفید ثابت ہوتی ہیں۔