06 جولائی ، 2023
اگر کسی فرد کو کینسر سامنا ہو تو اس سے مکمل صحتیابی کا امکان تو ہوتا ہے مگر اس صورت میں اگر اس کی تشخیص جلد ہوجائے، جبکہ بیماری کا علاج بہت تکلیف دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
کینسر کو دنیا میں اموات کی وجہ بننے والا دوسرا بڑا مرض خیال کیا جاتا ہے اور اس کی چند اقسام سب سے زیادہ ہلاکتوں کا باعث بنتی ہے۔
مگر کینسر جیسے جان لیوا مرض سے بچنا بہت آسان ہے، کم از کم مردوں کے لیے۔
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
جرنل JAMA Network Open کی تحقیق میں بتایا گیا کہ کارڈیو ورزشیں کرنے کے عادی مردوں میں کینسر کی چند عام ترین اقسام کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔
درحقیقت اچھی کارڈیو فٹنس سے پھیپھڑوں، مثانے یا آنتوں کے کینسر سے موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
کارڈیو فٹنس سے مراد ورزش کرتے ہوئے جسم کی آکسیجن کو جذب کرنے اور مسلز سمیت اعضا تک پہنچانے کی صلاحیت ہے۔
اس تحقیق میں 18 سے 75 سال کی عمر کے ایک لاکھ 77 ہزار سے زیادہ افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے ان کی صحت کا جائزہ لگ بھگ 10 سال تک لیا گیا۔
تحقیق کے دوران دیکھا گیا کہ کارڈیو فٹنس سے پھیپھڑوں، مثانے اور آنتوں کے کینسر سے متاثر ہونے یا موت کا خطرہ کس حد تک کم ہو جاتا ہے۔
خیال رہے کہ کینسر کی یہ تینوں اقسام مردوں میں سب سے زیادہ عام ہوتی ہیں۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ اچھی فٹنس والے مردوں میں کینسر کی ان تینوں اقسام سے موت کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہوتا ہے۔
اسی طرح ان افراد میں پھیپھڑوں یا آنتوں کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے، البتہ مثانے کے کینسر کا خطرہ اتنا کم نہیں ہوتا۔
تحقیق کے دوران طرز زندگی کے عناصر اور تمباکو نوشی کو بھی مدنظر رکھا گیا اور پھر بھی کارڈیو ورزشوں کو کینسر سے تحفظ کے لیے بہترین دریافت کیا گیا۔
محققین نے بتایا کہ کارڈیو فٹنس نہ صرف امراض قلب سے تحفظ فراہم کرتی ہے بلکہ کینسر کی کچھ اقسام سے بچانے کے لیے بھی اہم ہے۔
کارڈیو ورزشیں تیز رفتاری سے چہل قدمی، دوڑنے، تیراکی، سیڑھیاں چڑھنے اور سائیکل چلانے جیسی سرگرمیوں پر مشتمل ہوتی ہیں۔
ان ورزشوں سے دل کی دھڑکن کی رفتار تیز ہو جاتی ہے جبکہ سانس پھول جاتی ہے، جس سے دل اور نظام تنفس سے جڑی صحت بہتر ہوتی ہے۔
محققین نے بتایا کہ جسمانی سرگرمیاں جان لیوا امراض جیسے کینسر اور امراض قلب سے بچانے کے لیے مفید ثابت ہوتی ہیں۔
کچھ عرصے قبل ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ چہل قدمی صحت کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔
درحقیقت روزانہ کے معمولات میں کچھ وقت چہل قدمی کے لیے نکالنے سے امراض قلب اور کینسر سے قبل از وقت موت کا خطرہ کم کیا جا سکتا ہے۔