صحت مند طرز زندگی سے لمبی زندگی کا حصول ممکن ہے، تحقیق

اس بارے میں ایک طبی تحقیق میں بتایا گیا / فائل فوٹو
اس بارے میں ایک طبی تحقیق میں بتایا گیا / فائل فوٹو

کہا جاتا ہے کہ جینز سے جو اثرات صحت پر مرتب ہوتے ہیں، ان سے بچنا ممکن نہیں ہوتا۔

مگر اب پہلی بار دریافت کیا گیا ہے کہ جینز کے مقابلے میں صحت مند طرز زندگی لمبی زندگی کے لیے زیادہ اہم ہوتا ہے۔

درحقیقت صحت مند طرز زندگی 60 فیصد سے زائد منفی جینیاتی اثرات کو زائل کر سکتا ہے اور لمبی عمر کے حصول کو ممکن بناتا ہے۔

جرنل بی ایم جے میں شائع اپنی طرز کی پہلی تحقیق میں بتایا گیا کہ جینیاتی طور پر کچھ افراد کی زندگی مختصر ہوتی ہے، جبکہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ طرز زندگی کے عناصر جیسے تمباکو نوشی، الکحل کا استعمال، غذا اور جسمانی سرگرمیوں سے بھی زندگی کی مدت پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

مگر اب تک باضابطہ طور پر صحت مند طرز زندگی سے جینز پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال نہیں کی گئی۔

اس تحقیق میں 3 لاکھ 53 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

ان افراد کی صحت کا جائزہ 13 سال تک لیا گیا، جس دوران 24 ہزار سے زائد انتقال کرگئے۔

تحقیق میں دریافت ہوا کہ جینیاتی خطرے سے جلد موت کا امکان 21 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

اسی طرح صحت کے لیے نقصان دہ طرز زندگی گزارنے والے افراد میں قبل از وقت موت کا خطرہ 78 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

مگر محققین نے دریافت کیا کہ صحت مند طرز زندگی سے جینز کی وجہ سے لاحق خطرے کو 62 فیصد تک کم کیا جاتا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صحت مند طرز زندگی سے عمر میں اوسطاً 5.22 سال کا اضافہ ہو جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمباکو نوشی سے گریز، جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانا، اچھی نیند اور صحت بخش غذا سے لمبی زندگی کا حصول ممکن ہوسکتا ہے۔

مزید خبریں :