LIVE

حکومت رحیم یار خان میں مندر بحال کرے گی، وزیراعظم عمران خان

ویب ڈیسک
August 05, 2021
 

وزیراعظم عمران خان نے رحیم یار خان میں مندر پر شر پسندوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مندر بحال کرے گی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’میں رحیم یار خان میں بھونگ کے مقام پر واقع گھنیش مندر پر کل کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔‘

وزیراعظم نے مزید لکھا کہ ’میں پہلے ہی آئی جی پنجاب کو ذمہ داروں کی گرفتاری یقینی بنانے اور پولیس کی جانب سے کسی غفلت پر سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات دے چکا ہوں، حکومت مندر بھی بحال کرے گی۔‘

چیف جسٹس کا نوٹس

شر پسندوں کی جانب سے رحیم یار خان میں مندر میں توڑ پھوڑ کے معاملے کا چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے بھی نوٹس لے لیا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق رکن قومی اسمبلی اور پاکستان ہندو کونسل کے پیٹرن ان چیف ڈاکٹر رمیش کمار نے آج اسلام آباد میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد سے ملاقات کی اور رحیم یار خان کے گاؤں بھونگ میں مندر پر ہونے والے ’حملے‘ سے متعلق گفتگو کی۔

سپریم کورٹ کے مطابق اس معاملے پر چیف جسٹس نے گہری تشویش کا اظہار کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اس معاملے کی سماعت جمعہ 6 اگست 2021 کو سپریم کورٹ اسلام آباد میں مقرر کردی۔

اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب کو واقعے کے حوالے سے رپورٹ کے ہمراہ طلب کرلیا ہے جبکہ ڈاکٹر رمیش کمار کو بھی سماعت کے موقع پر طلب کیا گیا ہے۔

واقعہ کیا ہے؟

سوشل میڈیا پر رحیم یار خان میں واقع مندر پر حملے کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، رپورٹس کے مطابق مندر پر حملے کا واقعہ رحیم یار خان کے گاؤں بھونگ میں پیش آیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لاٹھیوں سے مسلح افراد مندر میں توڑ پھوڑ کر رہے ہیں اور نعرے بھی لگا رہے ہیں۔

ممبر قومی اسمبلی رمیش کمار نے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دو درجن سے زائد افراد نے سدھی ونایک مندر پر ہلہ بولا۔