LIVE

فضا میں مودی کے ہیلی کاپٹر کے سامنے سیاہ غبارے چھوڑنے والے کانگریس کے 4 کارکن گرفتار

ویب ڈیسک
July 04, 2022
 

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ آندھرا پردیش پر کانگریس کارکنوں کا انوکھا احتجاج، مودی کے ہیلی کاپٹر کے اُڑان بھرتے ہی کانگریس کارکنوں نے سیاہ غبارے فضا میں چھوڑ دیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کے پیر کو ریاست آندھرا پردیش کے شہر وجایا واڑہ کے دورے کے دوران ان کی سیکورٹی کی خلاف ورزی دیکھنے کو ملی جسے  ایک سنگین تشویش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق فضا میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ہیلی کاپٹر کے قریب سیاہ غبارے دیکھے گئے جب وہ وجایا واڑہ ائیرپورٹ  سے ٹیک آف کر رہے تھے۔

 ہیلی کاپٹر کے ساتھ فضا میں سیاہ غبارے اُڑنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے واقعے میں ملوث کانگریس کے چار کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

تاہم بھارتی وزیراعظم کی سکیورٹی کی خلاف ورزی سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے آندھرا پردیش پولیس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی وجایا واڑہ کے ائیرپورٹ آمد پر سکیورٹی کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی،غبارے نریندر مودی کی روانگی کے 5 منٹ بعد فضا میں چھوڑے گئے تھے۔

واضح رہے کہ نریندر مودی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قومی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیےوجایا واڑہ پہنچے تھے۔