LIVE

ملک کے بالائی علاقوں میں شدید ٹھنڈ، اسکردو میں پارہ منفی 8 ڈگری تک گرگیا

ویب ڈیسک
December 10, 2023
 

 زیارت، قلعہ عبداللہ، پشین، مستونگ سمیت بلوچستان کے شمالی اضلاع میں موسم سرد اور خشک ہے— فوٹو:فائل

ملک کے بالائی اور بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سردی کی شدید لہر جاری ہے۔

ملک کے شمالی علاقے اسکردو میں پارہ منفی 8 ڈگری تک گرگیا جس سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔

استور اور کالام میں درجہ حرارت منفی چار، گلگت میں منفی تین ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک ہے، کوئٹہ میں صبح درجہ حرارت منفی 2  اور  قلات میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 زیارت، قلعہ عبداللہ، پشین، مستونگ سمیت صوبے کے شمالی اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ وسطی اضلاع میں موسم خشک ہے۔

درجہ حرارت میں کمی کے بعد پنجاب اور خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں دھند نے ڈیرے ڈال دیے ہیں۔

اُدھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دلی کے بعد لاہور آج دوسرے نمبر پر ہے، فضائی آلودگی کا معیار انتہائی مضرِ صحت ہے۔