LIVE

امریکی سفیرکی صدر زرداری اور وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

اعزاز سید,نوشین یوسف
March 18, 2024
 

امریکی سفیر نے صدر مملکت کو دوسری مرتبہ عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی— فوٹو: فائل

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ  بلوم  نے صدر  پاکستان آصف زرداری سے ملاقات کی اور  صدر مملکت کو دوسری مرتبہ عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

ملاقات میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے مابین تجارتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنا ہوں گے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جدید کاروباری آئیڈیاز لانے کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے، پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اولین ترجیح معیشت کو درست سمت پر گامزن کرنا اور اقتصادی اور سیکورٹی چیلنجز پر قابو پانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔

دوسری جانب امریکی سفیر نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی مالاقات کی۔ امریکی سفارت خانے کے مطابق ملاقات میں اقتصادی اصلاحات کے لیے حمایت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں علاقائی سلامتی، تجارت اور سرمایہ کاری میں ترقی کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔

امریکی سفیر نے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے امریکا کے عزم سے آگاہ کیا۔

امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خوشحالی اور سلامتی امریکا کی اولین ترجیح ہے۔