LIVE

بلوچستان: کوئلہ کان میں بارش کا پانی داخل ہونے سے 5 کان کن پھنس گئے

ویب ڈیسک
March 29, 2024
 

کان میں پھنسے ہوئے باقی 5 کان کنوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن رات گئے تک جاری ہے: چیف مائنز انسپکٹر— فوٹو: فائل

بلوچستان میں کوئلے کی کان میں بارش کا پانی داخل ہونے کے باعث 5 کان کن، کان میں پھنس گئے جنہیں بچانے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

چیف مائنز انسپکٹر عبدالغنی کے مطابق دکی کی کوئلہ کان میں برساتی پانی داخل ہونے سے 10 کان کن کان میں پھنس گئے، ریسکیو آپریشن کے دوران 5 کان کنوں کو باہر نکال لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کان میں پھنسے ہوئے باقی 5 کان کنوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن رات گئے تک جاری ہے۔

لیویز ذرائع کے مطابق ضلع دکی میں مسلسل 10 گھنٹے تک موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، سیلابی ریلہ دکی کے علاقے ناصرآباد میں افطار سے قبل کوئلے کی کان میں داخل ہوا۔

ذرائع کے مطابق سیلابی پانی 60 فٹ تک کان کے اندر جا چکا ہے اور پھنسے ہوئے کان کنوں سے رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔